Select your Top Menu from wp menus

حضرت علی پر عظیم الشان ۳؍روزہ کانفرنس کا انعقاد سنیچر سے

حضرت علی پر عظیم الشان ۳؍روزہ کانفرنس کا انعقاد سنیچر سے

نئی دلی:  امام علی بن ابی طالبؑ کرم اللہ وجہہ کی شہادت پر اس سال ۱۴۰۰  برس گذرنے کے موقع پر سفینۃ الہدایہ ٹرسٹ اور انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز ، دلی اقلیتی کمیشن کے تعاون سے  اگلےسنیچر،اتوار اور پیر (۱۷، ۱۸، ۱۹؍اگست) کو انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے کنوینر دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان ہیں۔ اس کانفرنس  میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے  اساتذہ  اور معروف دانشور حضرات کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک سے علماءوفضلاء بھی شریک ہو رہے ہیں جن میں سرفہرست آیۃ اللہ محسن ارا کی صدر مجمع  التقریب بین المذاہب الاسلامیۃ شامل ہیں جن کی تنظیم شیعہ و سنی مسلمانوں میں قربت پیدا کرنے کے لئے عرصہٴ دراز سے جدوجہد کر رہی ہے۔

 کانفرنس کا افتتاح سنیچر کو ۱۰؍بجے صبح آیۃ اللہ اراکی اور نجیب جنگ (سابق لفٹننٹ گورنر دہلی)  کریں گے۔ مہمانان خصوصی میں پروفیسر اخترالواسع، مولانا توقیر رضا، خواجہ سید محمد نظامی سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء ، سید شاہد مہدی  ،پروفیسر علی نقوی  اور سراج الدین قریشی شامل ہیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد پہلے دو دن علمی مجلسیں منعقد ہونگی جن میں کانفرنس کے لئے لکھے گئے مقالوں کے خلاصے پیش کئے جائیں گے۔ تیسرے دن عمومی اجلاس منعقد  ہوگا جس میں تقریریں ہونگی اور شعراء حضرت علی  کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔