بہار میں کورونا کا قہرجاری اومیکرون کے 40مریض پائے جانے سے لوگوں میں زبردست خوف و دہشت

0

اشرف استھانوی
پٹنہ:18جنوری۔ملک میں کورونا کی تیسری لہر رواں ماہ سے شروع ہوگئی ہے۔ تیسری لہر میں اومیکرون کے خطرناک وائرس پائے جارہے ہیں۔ اس وقت پورا ملک تیسری لہر کی زد میں ہے۔ بہار میں کورونا کی تیسری لہر نے قہر برپا کردیا ہے۔ یہاں عام لوگوں کو تو چھوڑ دیجئے محکمہ صحت کے عملے ادارے اور طبیب زبردست طریقے سے اس کی زد میں آرہے ہیں۔ بہار میں کورونا کی رفتار بڑھ رہی ہے۔ دن بہ دن کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں انفیکشن کی رفتار کم ہوئی تھی لیکن ایک بار پھر کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔  گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جب کہ بہار میں ایک ساتھ آج اومیکرون کے 40 مریض پائے گئے ہیں۔
یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4551 کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ نئے متاثرین دارالحکومت پٹنہ میں پائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی پٹنہ کے آئی جی آئی ایم ایس میں ایک ساتھ 40 اومیکرون مریض پائے گئے ہیں۔ 40 نمونوں کی جانچ کی گئی جس میں 40 Omicron کے مریض پائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے بہار میں اومیکرون کے 28 مریض پائے گئے تھے۔ جس میں پٹنہ کے آئی جی آئی ایم ایس میں بیک وقت 25 اومیکرون مریض پائے گئے۔
بہار میں فعال مریضوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جس میں پٹنہ میں 1218 نئے معاملے پائے گئے ہیں، جب کہ سمستی پور میں 399 اور مظفر پور میں 207 نئے معاملے پائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3526 کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ جس میں پٹنہ میں 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 1035 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جب کہ مظفر پور میں 207، بھاگلپور میں 152 اور بیگوسرائے میں 143 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
کورونا سے اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پیر کو ایک بار پھر پٹنہ ایمس میں کورونا سے 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔ جس کی جانکاری ایمس کے کورونا نوڈل آفیسر ڈاکٹر سنجیو کمار نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو 3 مریضوں کی کورونا سے موت ہوئی۔ اس کے علاوہ 18 مریضوں کی تحقیقاتی رپورٹ کورونا پازیٹیو نکلی ہے۔ جن کو داخلہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سنجیو کمار کے مطابق نوادہ کے 26 سالہ سردول کمار، پٹنہ کی 16 سالہ مسکان کماری اور نالندہ کی 52 سالہ پروین کی پیر کو پٹنہ ایمس میں کورونا سے موت ہوگئی۔
قابل ذکر ہے کہ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار،نائب وزیراعلی رینودیوی ،وزیرصنعت سید شاہنواز حسین ،وزیرپنچایت سمراٹ چودھری،بہار قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر وجئے کمار سنہا، بہار قانون ساز کونسل کے چیئر مین ابدھیش نرائن سنگھ سمیت درجنوں ارکان قانون سازیہ اور قانون سازیہ کے 40عملے کورونا کی زد میں آگئے ہیں ۔ بہار اسمبلی کو کورونا کے خطرہ کے پیش نظر 19جنوری تک بند کردیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.